کسی بھی تعلیمی ادارے کی کامیابی کا اِنحصار اُس کے عمدہ اور بہترین تعلیمی نظام پر ہوتا ہے جس کے ذریعے ادارہ شب و روز ترقّی کی منازِل طے کرتا ہے اور علم کی دُنیا میں ایک خاص مقام حاصل کر لیتا ہے۔ بنیادی طور پر نظامِ تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے تین اُمور پر توجّہ رکھنا بےحد ضروری ہے:(1)تعلیمی نصاب (2)اساتذہ اور (3)طلبہ۔
تعلیمی نصاب
کامیاب تعلیمی ادارے کی ایک کڑی ”تعلیمی نصاب“ ہے۔ نصاب جنتا عمدہ اور بہتر ہوگا طلبہ میں اس قدر صلاحیتیں بیدار ہوں گی۔ لہٰذا جامعۃُ المدینہ گرلز کے لئے ایسا تعلیمی نصاب مقرّر کیا جاتا ہے جو علم میں بڑھوتری اور عمل کی اصلاح پر مشتمل ہوتا ہے اس میں مختلف عُلوم و فُنون مثلاً تفسیر و اُصولِ تفسیر، حدیث و اُصولِ حدیث، فقہ و اُصولِ فقہ، عقائد و علمُ الکلام، عربی گرامر کے لئے علمِ صرف و علمِ نحو اور عربی بول چال سیکھنے کے لئے لغۃُ العربیہ کی کتابیں شامل ہیں۔ انہیں پڑھ کر طالبات کے لئے عربی لکھنا پڑھنا اور بولنا کافی حد تک آسان ہو جاتا ہے اور دینی معلومات کا ذخیرہ ہاتھ آنے کے ساتھ ساتھ اپنی ضرورت کے مسائلِ دینی بھی کافی حد تک حاصل ہوجاتے ہیں۔ فی زمانہ جستجوئے علم کی کمی اور دین سیکھنے کے لئے قِلّتِ وقت کے باعث طالبات کو مختلف عُلوم و فُنون کی چند کتابیں چِیدہ چِیدہ مقامات سے پڑھا کر انہیں عُلوم و فُنون کے سمندر سے موتی تلاش کرنا سکھا دیا جاتا ہے جس کے ذریعے ان کے لئے مزید علم حاصل کرنا کافی حد تک آسان ہو جاتا ہے۔ نیز طالبات کو تعلیمی نصاب کے علاوہ ہم نصابی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے جن کے ذریعے طالبات اپنی تعلیمی سرگرمیاں دیگر شعبہ جات میں بھی جاری رکھ سکتی ہیں۔ نیزطالبات کو مختلف ممالک کی قومی زبانوں میں درس و تدریس کرنے کے لئے لینگویج کورس کرنے اور کُتب و رَسائل تصنیف و تحریر کرنے کی ترغیب بھی دلائی جاتی ہے۔ الغرض تعلیمی نصاب کو ترتیب دیتے ہوئے مقصدِ تعلیم کو پیشِ نظر رکھا جاتا ہے تاکہ طالبات سیرت و کردار کا بہترین نگینہ بن سکیں۔
ترقی کی طرف ایک اور قدم
جدید دور کے تقاضوں کے مطابق طالبات میں مزید صلاحیتیں اُجاگر کرنے اور دینی شعبوں کے ساتھ دنیاوی شعبہ جات میں بھی شریعت کے مطابق کام کر سکیں اس کے لئے 6thکلاس سے F.Aتک کے دنیاوی علوم بھی پڑھائے جائیں گے، اِنْ شَآءَ اللہ۔
اساتذہ
طالبِ علم کے لئے جہاں بہترین تعلیمی نصاب کا ہونا ضروری ہے وہیں علم و عمل کے اعتبار سے ایسے اچّھے اور ماہر اساتذہ کا ہونا بھی ضروری ہے جو علم و عمل اور اَخلاق و کردار کے اعتبار سے طالبِ علم کے لئے مشعلِ راہ ہوں کیونکہ تعلیمی نصاب میں موجود مضامین طالبِ علم کو سمجھانا اور اس کے ذہن میں بٹھانا یہ ایک استاد کا کام ہوتا ہے لہٰذا جامعاتُ المدینہ گرلز کے لئے اچھی معلمات مہیا ہوں اس کے لئے دعوتِ اسلامی کی ایک مجلس ”تدریسی کورس ٹیسٹ“ بنی ہوئی ہے جس کے ذریعے جامعاتُ المدینہ گرلز میں پڑھانے کی خواہشمند اسلامی بہنوں کا تدریسی ٹیسٹ لیا جاتا ہے جس کے لئے پہلے انہیں انٹری ٹیسٹ میں کامیاب ہونا ہوتا ہے پھر ٹیسٹ کے دیگر مراحل شروع ہوتے ہیں جو اسلامی بہنیں ٹیسٹ کے تمام مراحل میں کامیابی حاصل کر تی ہیں، انہیں میں سے ضرورت کے مطابق معلّمات کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ نیز معلمات کی علمی، عملی، تنظیمی اور تدریسی تربیت کے لئے ہر ششماہی اور دیگر مواقع کی مناسَبت سے تربیتی اجتماعات اور مدنی مشوروں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ جیسا کہ 2020 ء میں لگنے والے لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن تدریس کا سلسلہ ہوا تو اس کی تربیت کے لئے ملک بھر کی معلّمات کے مدنی مشورے لئے گئے۔ اسی طرح معلمات کے تدریسی اشکالات دور کرنے کے لئے مجلس ”تدریسی تربیت“ بھی قائم کی گئی ہے کہ اگر معلمات کو سبق پڑھانے کے لئے تیاری کرتے ہوئے کسی طرح کی پریشانی ہو تو اِس مجلس سے مدد لی جاسکتی ہے۔
شاگرد
کامیاب تعلیمی ادارے کی ایک اہم ترین کڑی اُس ادارے میں پڑھنے والے طلبہ ہوتے ہیں۔ اگر کسی ادارے کا تعلیمی نصاب معیاری اور اُس کے اساتذہ اپنے اپنے فنون میں ماہر اور محنتی ہوں تب بھی اُس ادارے کی کامیابی کی ڈور وہاں پڑھنے والے طلبہ کے ہاتھوں میں ہوتی ہے۔ اگر اُس ادارے کے طلبہ کی علمی و عملی اعتبار سے وقتا ًفوقتاً تربیت ہوتی رہے اور وہ تربیت کا اثر قبول کریں اور پڑھائی کے معاملے میں سنجیدہ اور اَخلاق و کردار کے اعتبار سے صحیح ہوں تو پھر اُس ادارے کی نیک نامی ہوگی وَگرنہ عام اداروں کی طرح اُس ادارے کا بھی صرف نام رہ جائے گا۔ اسی بات کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے دعوتِ اسلامی نے جامعاتُ المدینہ گرلز کے تعلیمی امور دیکھنے کے لئے باقاعدہ ایک مجلس کا تقرّر کیا ہے جس کے تحت مزید دو مجالس:(1)مجلس تکمیلِ نصاب اور (2)مجلس تفتیش ِ درجات بنائی گئی ہیں۔
(1)مجلس تکمیلِ نصاب
اس مجلس کی طرف سے طالبات کو نصاب مکمّل ہدف تک پڑھانے اور پیریڈ کی تقسیم کاری وغیرہ کے متعلّق معلّمات کو اہم نکات دئیے جاتے ہیں اور ماہانہ تکمیلِ نصاب کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
(2)مجلس تفتیش ِدرجات
اس مجلس کی طرف سے مفتّشات کا تقرّر کیا جاتا ہے جو ہر ماہ جامعۃُ المدینہ گرلز کی پڑھائی کا جائزہ لے کر اچّھی کارکردگی پر طالبات کی حوصلہ افزائی اور کمزور کارکردگی پر اصلاح کرتی ہیں۔ نیز طالبات کی پڑھائی مزید بہتر بنانے اور سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ”شعبۃُ الامتحان“ کے تحت ششماہی اور سالانہ امتحانات لئے جاتے ہیں۔ اسی طرح طالبات کی عملی تربیت اور تعلیم حاصل کرنے کے مقاصد سے طالبات کو آگاہ کرنے کے لئے مجلس نے یومیہ و ہفتہ وار تربیتی اجتماعات کا سلسلہ ترتیب دیا ہوا ہے تاکہ ان میں علمِ دین حاصل کرنے کا جذبہ اور سنّتوں کے مطابق اچّھے اَخلاق و کردار کے ساتھ زندگی گزارنے کا سلیقہ پیدا ہو کیونکہ علمِ دین حاصل کرنے کے ہمارے مقاصد بھی ایسے ہی ہیں مثلاً: (1)رضائے الٰہی کا حصول (2)اسلامی خطوط پر سیرت و کردار کی تشکیل (3)عقل کی نشو و نما (4)آخرت کی تیاری کرنا۔
اللہ کریم ہمارے تعلیمی نظام کو مزید مضبوطی و پختگی کی دولت سے مالا مال فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم